ایران کے جیکی گور گرڈ سے مران کے تینوں اضلاع میں معطل بجلی بحال
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے ترجمان نے کہا ہے کہ اتوار کی رات 12:05 منٹ پر ہمسایہ ملک ایران کی جانب سے132kV جیکی گور مین ٹرانسمیشن لائن بند ہوگئی جسکے نتیجے میں مکران کے تینوں اضلاع کے مند ،تمپ ،تربت، ہوشاب ، پنجگور ،پسنی ،اورماڑہ ،جیونی ،گوادرانڈسٹریل ،گوادر ڈیپ سی پورٹ اور گوادر گرڈاسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ اس دوران کیسکو حکام کی جانب سے رابطہ کرنے پر ایرانی حکام نے بتایا کہ فنی خرابی اور مرمتی کام کے سلسلے میں بجلی بند کیا گیاہے اور فنی خرابی کی درستگی اورمرمتی کام مکمل ہوتے ہی بجلی دوبارہ بحال کر دی جائے گی ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ فنی خرابی کی درستگی اور مرمتی کام مکمل ہونے کے بعدہمسایہ ملک ایران کی جانب سے 132Kvجیکی گور۔مند ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی اتوار کے روز شام 4 بجے بحال ہوگئی اور ابتدائی طور پر ایران کی جانب سے صرف 30 میگا واٹ بجلی فراہم کی گئی تاہم شام 6:35 منٹ پر مکمل طور پر فراہمی دوبارہ شروع گئی جسکے بعد مکران کے تینوں اضلاع تربت، گوادر اور پنجگور کے تمام علاقوں کو بجلی کی سپلائی مکمل طور پر بحال ہوگئی اور اب مکران کے تمام علاقوں کو معمول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ تاہم اس دوران ایران سے بجلی کی بندش پرکیسکو نے مکران کے صارفین سے معذرت اور تعاون کی اپیل کی ہے۔


