مسجد نبوی واقعہ میں ملوث افراد کیخلاف پاکستان میں بھی کارروائی ہوگی، رانا ثناءاللہ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزےر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے مسجد نبوی واقعے میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کیلئے سعودی حکومت سے رابطے کا فیصلہ کر لےا ہے۔واقعے میں ملوث افراد کو ڈیپورٹ کیا جائے، ان کے خلاف پاکستان میں بھی کارروائی اور مقدمات درج کیے جائیں گے۔یہ واقعہ ویسے نہیں ہوا ، عمران خان اور شیخ رشید اس کے پیچھے ہیں، واقعہ کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی اور کہا گیا کل دیکھیے کیا ہوتا ہے۔ جمعہ کو اسلام آباد میں قمر زمان کائرہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ کل روضہ رسول پر ہونے والا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے، پوری قوم نے اس پر کرب محسوس کیا ہے، مقدس جگہ پر جہالت کا مظاہرہ کیا گیا، جس پر پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیا۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ جہاں اونچی سانس لینا بھی منع ہے وہاں یہ نازیبا حرکت کی گئی، یہ واقعہ ویسے نہیں ہوا ، سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید اس کے پیچھے ہیں، اس کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی اور کہا گیا کل دیکھیے کیا ہوتا ہے، جہلم والا کہتا ہے ان کا گھروں سے نکلنا مشکل ہوجائے گا حالانکہ ہم نے گھر سے باہر نکل کر ہی مقدمات کا سامنا کیا ہے۔انہوں نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جماعت کے لیے دو سوبندے بھیجنا مشکل نہیں، ہمارے لیے شیدے ٹلی کی ٹلی بجانا مشکل نہیں، لیکن ایسے واقعات سے سیاست کسی اور طرف چلی جائے گی، مجھ پر بطور پارٹی صدر پنجاب بڑا دباو¿ ہے لیکن میں نے کارکنان کو منع کیا، ہماری طرف سے پہل نہیں ہوگی لیکن کب تک صبر کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میری وزارت سعودی عرب سے درخواست کرے گی کہ سعوسی عرب اس واقعے پر کارروائی کرے، سی سی ٹی وی کیمروں سے ان کی شناخت کرکے پاکستان بھیجی جائے، تاکہ ان کے خلاف یہاں بھی کارروائی ہو اور مقدمات درج ہوں، کیونکہ ان کی اس حرکت سے پاکستانی عوام کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے جس سے مذہبی جذبات ابھر سکتے ہیں اور ایک اور طرح کی صورتحال کا سامنا ہوسکتا ہے اور ملک میں بدامنی ہوسکتی ہے۔


