ساحل پر ٹرالر مافیاز کی لوٹ مار کو ختم کرنا ہوگا، ہدایت الرحمن
کوئٹہ (انتخاب نیوز) حق دوتحریک کے قائد جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ ساحل پر ٹرالر مافیازکی لوٹ مار ،بارڈرزپربااختیارقوتوں کی رشوت ،بدعنوانی،بھتہ خوری ،چیک پوسٹوں پر ماﺅں بہنوں کی تذلیل یہ سب ختم کرنا ہوگا بلوچستان کے ساحل اور بارڈرزپر بھتہ خوری ،غنڈہ گردی اور سیکورٹی فورسزکی لوٹ مار نہیں چلنے دیں گے۔بلوچستان کے وسائل پر اختیار چاہیے ساحل اور بارڈرزپر تجارت میں آسانی وسہولت دی جائے بدقسمتی سے گوادر کے عوام پینے کا صاف پانی،بجلی ،تعلیم وصحت کی سہولیات میسر نہیں ۔ مقامی لوگوں کو روزگاردیاجائے ۔صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے گوادرمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو خواب غفلت سے بیدارکرنے ،حق دوتحریک کے مطالبات ماننے کیلئے سنجیدگی اختیار کرنی ہوگی بدقسمتی سے بااختیار طبقات نہیں چاہتے کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل حل بلوچستان کے وسائل بلوچستان پر خرچ ہو بلوچستان میں لوٹ مار بدامنی بدعنوانی ان قوتوں کے فائدے میں ہیں حق دوتحریک سے وعدے ،اعلانات کے بجائے ان کے مطالبات اخلاص ونیک نیتی کیساتھ مان لیں حکمران اگر مکران بلوچستان کے عوام کو ساحل وبارڈر پر آزادانہ کاروبار کرنے ،ٹرالرمافیا سے نجات دلانے ،روزگار،عزت واحترام دیں گے تواحتجاج کی کوئی ضرورت نہیں بلوچستان کے وسائل عوام پر ہر صورت خرچ کرنے ہوں گے بلوچستان کے معصوم عوام اندھے بہرے نہیں ان کے سامنے وسائل لوٹے جارہے ہیں ،بھتہ خوری جاری ہیں غنڈہ ٹیکس لیا جارہا ہے عوام کی تذلیل کی جارہی ہے ان پر خاموشی کسی باضمیر فردکا کام نہیں ، سودساختہ باختیارطبقات ا ورحکمران طبقہ عوام کے جذبات سے نہ کھیلیں ۔ جماعت اسلامی نے ذمہ داری،دیانت دار ی اور اخلاص سے ہمیشہ بلوچستان کے مظلوم عوام کیساتھ ہرموقع پر ساتھ دیاہے انشاءاللہ مظلوم عوام کا حقوق کے حصول کیلئے گوادر سے تحریک اُٹھیں یا ہرنائی وخضدار سے جماعت اسلامی اس میں بھر پور ساتھ دیگی ۔انہوں نے کہاکہ وفاق وصوبے کے حکمران اور بااختیارطبقہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ ناانصافی بند کریں۔سیکیورٹی کے نام پر لوگوں کی تذلیل مزید برداشت نہیں کی جائیگی ۔اپنے ہی لوگوں کی اپنے گھر ومحلے کے سامنے جگہ جگہ جامہ تلاشی کہاںکا انصاف ہے ۔ بدقسمتی سے بلوچستان اوروفاق کے گونگے بہرے حکمرانوں کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں یہ سراسر ظلم جبر اور لاقانونیت ہے ۔گوادر کوملک کی ترقی کا گیٹ وے کہا جاتا ہے مگر مقامی آبادی پینے کے پانی تک کو ترس رہی ہے۔حکمران فوری طور پروعدے پوری کریں۔ سرحدی تجارت پر پابندی اٹھائی جائے سی پیک و بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق بلوچستان کے مظلوم ومعصوم عوام کا ہے۔کوئی بھی ہم سے اپنا حق نہیں چھین سکتا ۔


