ہنزہ، گلیشیئر پگھلنے سے متعدد مکانات اور پاؤر ہاوسز بھی بہہ گئے، امدادی کام جاری

ہنزہ (انتخاب نیوز) ہنزہ میں گلیشئیر پگھلنے سے تباہی ہی تباہی کے منظر دیکھنے میں آئے، جہاں صرف حسن آباد پْل ہی نہیں مکانات اور پاؤر ہاوسز بھی ریلے کی نظر ہوگئے۔ تیز پانی کے بہاؤ میں واٹر چینلز بھی نہیں تباہ ہوگئے۔ ہفتہ 7 مئی کو پیش آنے والے واقعہ کے بعد صورت حال کا جائزہ لینے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں حسن آباد پْل دیکھتے ہی دیکھتے تہس نہس ہوگیا تھا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے ہنگامی بنیادوں پربحالی اورمتاثرین کی بھرپور امداد کی ہدایت کی۔ حکام کے مطابق سیلابی صورت حال کے بعد شاہراہ قراقرم پر آمدورفت بند کردی گئی ہے، جب کہ ٹریفک کو نگر سے متبادل راستے اپنانے کیلئے سڑک پر منتقل کیا گیا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کی ٹورسٹ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک ساس ویلی روڈ کے متبادل راستے پر منتقل کردی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہیوی ٹریفک کیلئے ایک ہفتے میں متبادل ایمرجنسی پْل بنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز آنے والے سیلابی ریلے اور پانی کے بہاؤ میں اضافے سے زرعی اراضی اور باغات کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد وزیرِاعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے ٹیلیفونک رابط کرکے تفصیلات طلب کرلیں، جب کہ بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ سوشل میڈیا پر جاری فوٹیج میں دیکھاجاسکتا ہے کہ سیلاب نے حسن آباد پل کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ کردیا۔ ہنزہ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ظہور احمد نے بتایا کہ گرمی کی وجہ سے گلیشئر ہفتے کو پگھلنا شروع ہوا تھا اور اس کے نتیجے میں سیلاب آیا اور پل تباہ ہوا اور ناقابل استعمال ہوگیا۔ ن کا کہنا تھا کہ سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم انہیں گنیش اور مرتضیٰ آباد کے ذریعے متبادل راستہ فراہم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورسٹ پولیس بھی مختلف مقامات پر تعینات ہے تاکہ سیاحوں کو مشکل پیش نہ آئے۔ ایس پی کا کہنا تھا کہ نالے کے قریب مقیم افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے، پولیس اور ریکسیو سروسز سمیت پوری انتظامیہ ہنگامی صورت حال کے لیے الرٹ ہے۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے مکمل یقین دہانی کرائی ہے کہ ہنگامی طور پر پل کی بحالی کا کام مکمل کیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری کے دفتر کے مطابق سیاحوں کو پیٹرول اور دیگر اہم ضروریات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں کو بحالی اور راشن کے انتظامات بھی یقینی بنائے جارہے ہیں۔ ضلعی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہنزہ اور گلگت میں کنڑول روم قائم کیا گیا ہے اور بالترتیب 05813-930721-2 اور 05811930033 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں