سینا واقعے سے حوصلے پست نہیں ہوں گے، مصری صدر
قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مصری صدرعبدالفتاح السیسی نے کہا ہے مغربی سینا کے ایک واٹر پمپنگ اسٹیشن پر ہونے والا تشدد پسندی کا واقعہ تشدد پسندی کیخلاف جنگ میں مصری ریاست یا مصری فوج کے عزم کو کمزور نہیں کرے گا۔السیسی نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پراپنے پیج پرایک پوسٹ میں کہا ہے کہ مصر کے وفادار فرزند اپنے وطن کی پکارپر پوری ہمت اور قربانی کے ساتھ جواب دیتے ہیں۔ یہ سپاہی حب الوطنی کے جذنے سے سرشاراورایمان کے ساتھ غیر متزلزل انداز میں وطن کی حفاظت کررہے ہیں۔ تشدد پسندی کی لعنت کے خلاف ہماری جنگ پورے عزم کے ساتھ جاری ہے اور سینا جیسے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کریں گے۔ ہم نے تشدد پسندی کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکنے کا تہیہ کررکھا ہے۔جزیرہ سینا میں کل ہفتے کے روز پیش آنے والے اس دہشت گردانہ واقعے کے نتیجے میں افسر سمیت گیارہ فوجی ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے تھے۔ عرب ممالک اور عالمی سطح پر اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جا رہی ہے۔حملے پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، الجزائر، بحرین، قطر، کویت، اردن اور دوسرے ممالک کی طرف سے مصر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔


