پاکستان میں گریجویٹ افراد کی بے روزگاری کی شرح 16.5 فیصد

اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان میںگریجویٹ بے روزگاری کی شرح 16.5 فیصد، سنجیدہ تعلیمی اصلاحات وقت کی ضرورت،غیر ہنرمند افرادی قوت ملک پر بوجھ، عالمی سطح پرڈیجیٹل میڈیا اور جدید ترین ٹیکنالوجیز کی بدولت کاروبار اور سرمایہ کاری کا رجحان تیز،نئے کاروباری افراد کے لیے پاکستان کو ایک بڑے پلیٹ فارم کی ضرورت ۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو ‘شارک ٹینک’ بزنس ریئلٹی شو کا اپنا ورژن شروع کرنا چاہیے تاکہ نئے کاروباری افراد کو برآمدات بڑھانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل سکے۔’شارک ٹینک’ ایک امریکی بزنس ریئلٹی ٹیلی ویژن سیریز ہے جو کاروباری افراد کوتجارت کے اصول سکھاتی ہے اور پانچ سرمایہ کاروں یا ‘شارکس’ کے پینل کے سامنے کاروباری پیشکشیںدکھائی جاتی ہیں۔ عالمی سطح پرڈیجیٹل میڈیا اور جدید ترین ٹیکنالوجیز کی آمد کی بدولت انٹرپرینیورشپ کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔کئی ممالک نے قومی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ریئلٹی شوز شروع کیے ہیں جہاں نوجوان کاروباری افراد نئے کاروباری آئیڈیاز لے کر آتے ہیں اور معروف سرمایہ کاروں سے فنڈ حاصل کرتے ہیں جو اپنے سٹارٹ اپس میں مشترکہ سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ یہ پروگرام نئے تاجروں کو سپورٹ کرکے اور انٹرپرینیورشپ کے کلچر کو فروغ دے کر ملکی معیشت میں مثبت کردار ادا کرتا ہے۔نوجوان پاکستانی سرمایہ کاروں نے 2021 میں 364 ملین ڈالر اکٹھے کیے جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں 450 فیصد زیادہ تھے۔ پرائیویٹ سیکٹر کے زیر انتظام بزنس ریئلٹی شو جس کا نام آئیڈیا کروڑوں کا ہے ایک نجی ٹی وی چینل پر ٹیلی کاسٹ کیا جاتا ہے، جو نئے اسٹارٹ اپس کو پاکستان کے اعلی کاروباری افراد سے فنڈز اکٹھا کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اس پروگرام کے چار سیزن دکھائے گئے ہیں جو 54 اقساط پر مشتمل ہیں۔ اس رئیلٹی شو کے ذریعے کل 96 اسٹارٹ اپس نے سرمایہ کاروں کو فنڈنگ کے لیے راضی کرنے کے لیے اپنے آئیڈیاز پیش کیے تاہم صرف 25 اسٹارٹ اپ کامیاب ہوئے اور 500 ملین روپے کی رقم اکٹھی کی گئی۔پاکستان کو ایک بڑے پلیٹ فارم کی ضرورت ہے جس میں ملک کے اعلی کاروباری ذہن شامل ہوںجہاں نوجوان کاروباری افراد سرمایہ کاروں سے فنانس حاصل کرنے کے لیے نئے آئیڈیاز لے کر آئیں۔ پاکستان کو اپنے تعلیمی نظام کو بھی جدید رجحانات کے مطابق اپ گریڈ کرنا ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کی ایک تحقیق کے مطابق ملک میں گریجویٹ بے روزگاری کی شرح 16.5 فیصد ہے۔ پاکستان کو سنجیدہ تعلیمی اصلاحات کی ضرورت ہے جو مستقبل کے کاروباری افراد پیدا کر سکیں۔ بزنس گریجویٹس یا نوجوان جن کے پاس پہلے سے ہی بزنس سیٹ اپ ہے انٹرپرینیورشپ کے میدان میں آنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ حکومت کا مقصد نئے اسٹارٹ اپس کے لیے ٹیکنالوجی فنڈز قائم کرنا ہے جس لیے نجی فنڈز کو ایک پلیٹ فارم سے منسلک کرنے کی ضرورت ہے۔ نجی سرمایہ کاروں کو بھی ان سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کا موقع دیا جانا چاہیے۔ ان شوز کو قومی ٹی وی پر نشر کرنے سے نوجوانوں کو اسٹارٹ اپس سے سیکھنے اور نئے آئیڈیاز کے ساتھ اپنے کاروبار کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔ یہ طویل مدت میں اسٹارٹ اپس میں انقلاب برپا کرے گااورمستقبل کے کاروباری افراد پیدا کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں