وفاق کا بلوچستان کی جامعات کیلئے 5 ہزار سکالر شپس کا فیصلہ

اسلام آباد، کوئٹہ (انتخاب نیوز) وفاقی حکومت نے بلوچستان کے جامعات کیلئے 5ہزار سکالرشپس کی اسکیم تیار کرنے کا فیصلہ کرلیاہے ،وفاق کی کوشش ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں بلوچستان میں وفاقی حکومت کے تحت زیر تعمیر جامعات کو جلد مکمل کیا جائے۔اس بات کا فیصلہ وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت بلوچستان میں اعلیٰ تعلیمی منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں کیاگیا۔ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں جامعات کے لیے 5ہزار اسکالر شپس کی اسکیم تیار کی جائے، بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں وفاقی حکومت کے تحت زیر تعمیر جامعات کو جلد مکمل کیا جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں قومی دھارے میں شامل کرنا ترجیح ہے۔احسن اقبال نے کہاکہ وفاق کی جانب سے دئےے جانے والے سکالرشپس پروگرامز مین شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایاجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں