بلوچستان کے ساحلی علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں، محبوب دشتی

گوادر (انتخاب نیوز) بلوچستان کوسٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محبوب دشتی نے کہا ہے کہ بی سی ڈی اے بلوچستان کے ساحلی علاقوں کی ترقی و معاشی خوشحالی کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں مختلف پروجیکٹس کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور کچھ منصوبے گوادر اور لسبیلہ کے مختلف ساحلی مقامات میں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی سی ڈی اے کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بلوچستان ساحلی علاقوں کی ترقی کے لئے خصوصی دلچسپی لے رہی ہے اور اس ضمن میں بی سی ڈی اے کی زیر نگرانی مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ان منصوبوں میں ایکو ٹوارزم ریزورٹس، بیچ پارکس، فلوٹنگ جیٹیز، ساحلی پودوں کی افزائش و نمود کی نرسری اور ریسٹ ایریاز کی تعمیر و ترقی شامل ہیں جو ساحل بلوچستان کے مختلف مقامات پر زیر تکمیل ہیں۔ اور ساتھ ہی ساحلی پٹی کی مربوط انتظام کاری کے لئے کوسٹل ماسٹر پلاننگ کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ بی سی ڈی اے کی زیر نگرانی جاری ان منصوبوں کی تکمیل سے سیاحت سمیت معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ھوگا اور مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع میسر ھونے کے ساتھ ساتھ ان کا معیار زندگی بلند ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں