عمران نیازی نے عدالتی احکامات نظر انداز کرکے ہنگامہ آرائی کی، مولانا واسع

کوئٹہ (انتخاب نیوز) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر اور وفاقی وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی دھمکیوں سے کوئی مرعوب نہیں ہوں گے، انتخابات کا اعلان عمران نیازی نہیں بلکہ موجودہ وفاقی حکومت کرے گی، لانگ مارچ مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، عمران نیازی اپنے سیاسی ساکھ بچانے کیلئے اب ہر کسی کی منت سماجت کرکے اپنے آپ کو بچانے کے لئے ملکی معیشت تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں موجودہ حکومت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کو صرف جلسہ کرنے کی اجازت دی مگر عمران نیازی نے سپریم کورٹ کے احکامات کو نظر انداز کرکے ایک بار پھرریڈ زون میں ہنگامہ آرائی کرکے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچایا، کل جو ہوا وہ افسوسناک تھا، موجودہ حکومت حالات کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھارہی ہیں جمعیت علما اسلام ملک کی ترقی و خوشحالی چاہتی ہے، جب تک ملک میں انتخابات اصلاحات نہیں ہوں گے اس وقت تک عام انتخابات کا اعلان نہیں ہوسکتا اور عمران نیازی جو انتخابات سے متعلق دھمکیاں دے رہے ہیں عام انتخابات کا اعلان موجودہ حکومت کریگی جب تک وفاقی حکومت کی مدت پوری نہیں ہوگی اس وقت تک ہم کبھی بھی نئے انتخابات کا اعلان نہیں کرینگے انہوں نے کہاکہ عمران نیازی نے ملک کو تباہی سے دوچار کیا اب ایک بار پھرملک کی معاشی حالات کو کمزور کرنے پر تلے ہوئے ہیں عمران خان تو ملک کو ڈوبونا چاہتے ہیں انہوں نے ملک کی معیشت کو ڈبودیا یہ قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں 29مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علما اسلام صوبہ بھر میں کامیابی حاصل کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں