اساتذہ کی ریڈ زون میں داخلے کی کوشش، پولیس کا شدید لاٹھی چارج، علاقہ میدان جنگ بن گیا
کراچی (انتخاب نیوز) این ٹی ایس پاس اساتذہ کی جانب سے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش پر علاقہ میدان جنگ بن گیا، پولیس نے احتجاج کرنے والے کئی اساتذہ کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا، خواتین اور مرد اساتذہ کی بڑی تعداد بینرز اٹھائے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کررہے تھے ، بعدازاںوزیراعلیٰ ہائوس پر دھرنا دیئے جانے کی اطلاع ملتے ہی مزید پولیس نفری طلب کرلی گئی، پولیس نے مظاہرین کو روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کردیں تاہم اساتذہ کی جانب سے نعرے بازی کا سلسلہ جاری رہا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2013 میں این ٹی ایس پاس کررکھا ہے لیکن اب تک انہیں نوکری نہیں دی جارہی ،پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج شروع کردیا جس سے بھگدڑ مچ گئی، گرفتاریوں سے بچنے کیلئے دوڑنے لگانے والے اساتذہ کو پکڑنے کےلئے پولیس اہلکاربھی دوڑ پڑے، پولیس نے کئی اساتذہ کو حراست میں لیتے ہوئے تھانہ آرٹلری میدان منتقل کردیا۔ واضح رہے کہ سندھ حکومت نے دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے اور ہر قسم کے احتجاج، مظاہروں اور پانچ سے زائد افرادکے اجتماع پر پابندی ہے۔


