گوادر میں ترقیاتی کام کی رفتار سست ہے، کئی سال بعد بھی ایئرپورٹ تعمیر نہیں ہوسکا، وزیر اعظم

گوادر (انتخاب نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے گوادر میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو غیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کئی سال گزرنے کے بعد بھی ہم ابھی تک گوادر ایئرپورٹ کو مکمل نہیں کر سکے اور گوادر کے عوام کو پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں ہے۔ گوادر میں ایسٹ بے ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گوادر میں ہونے والے تعمیراتی کام کا فضائی دورہ کیا اور حکومت چین کی گرانٹ سے تعمیر کیا جانے والے گوادر ایئرپورٹ سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے جو عمدہ کوالٹی کی موٹر وے بنائی ہے ایسٹ بے ایکسپریس وے آج ہم نے اس کا افتتاح کیا ہے اور اس کراچی تک سامان پہنچانے کے لیے راستے کو منسلک کردیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چین کی ناظم الامور اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ساتھ مل کر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور یہاں کام کی رفتار تسلی بخش نہیں ہے، ابھی تک گوادر ایئرپورٹ مکمل نہیں ہوسکا اور 18-2017ء میں اس کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا، یہ ابھی تک تعمیر کے مراحل طے کررہا ہے حالانکہ یہ سو فیصد چین کے صدر اور وزیراعظم نے ہمیں تحفتاً عطا کیا ہے لیکن اس کو بھی ہم مکمل نہیں کر پائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اسی طرح گوادر کے عوام کو پینے کا پانی مہیا نہیں کیا جا سکا اور آج مجھے یہ بتایا گیا ہے کہ تیسرے مرحلے میں انتہائی پرانے پانی کے پائپوں کو تبدیل کرنا ہیں لہٰذا ہمیں متبادل کے طور پر ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانا ہوں گے، یہ کام پہلے کر لیا جاتا تو آج گوادر کے عوام کو پینے کا پانی دستیاب ہوتا، اسی طرح دیگر امور بھی سست روی کا شکار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں