مستونگ، بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف زمینداروں کا مرکزی شاہراہ پر دھرنا، ٹریفک معطل
مستونگ (انتخاب نیوز) مستونگ میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف زمینداروں کا احتجاج، مظاہرین نے مرکزی شاہراہ پر دھرنا دیکر ٹریفک معطل کردیا۔ مستونگ کھڈکوچہ کے زمینداروں نے احتجاجاً کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے معطل کردیا، کئی مسافر پھنس کر رہ گئے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ کیسکو نے زمینداروں کا معاشی قتل عام شروع کیا ہے، گرمیوں کے موسم میں ہمیں بمشکل 24 گھنٹے میں صرف 4 گھنٹے بجلی فراہم کررہے ہیں۔ بجلی نا ہونے کے باعث زمینداروں کے لاکھوں ایکڑ پر باغات اور کھڑی فصلیں تباہی کے دہانے پہنچ چکے ہیں۔ یہ بات انہوں نے مستونگ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو میں بتایا۔ مظاہرین نے بتایا کہ ہمارا ذریعہ معاش یہی فصلیں ہیں اگر یہ یوں بجلی نا ہونے کے باعث تباہ ہوگئے تو ہمارے بچوں کے منہ سے نوالہ چھن جائے گا اس ظلم و ناانصافی کے خلاف ہم کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کر سکتے۔ مظاہرین نے کہا کہ کیسکو کی جانب سے کھڈکوچہ کے زرعی فیڈرز کو 24 گھنٹوں کے دوران صرف چار گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے اور چار گھنٹوں کے دوران بھی ناقص وولٹیج کے باعث بجلی بار بار ٹرپ کر جاتی ہے، مظاہرین نے مزید کہا کہ جب تک اعلیٰ حکام کی جانب سے کھڈکوچہ کے فیڈرز پر بجلی لوڈ شیڈنگ کم کرنے کی ہمیں گرانٹی نہیں دی جاتی اس وقت تک قومی شاہراہ ہر ہمارا دھرنا روڈ بلاک کا سلسلہ جاری رہے گا۔


