وزیر اعظم شہباز شریف لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنائیں، ماما قدیر بلوچ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ذاکر مجید بلوچ کی والدہ اور دیگر لاپتہ افراد کے لواحقین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کی قیادت ماما قدیر بلوچ اور نصراللہ بلوچ نے کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اوربینرز اٹھارکھے تھے جس پر 14برس قبل ذاکر مجید بلوچ کو لاپتہ کیا گیا تھا جو تاحال بازیاب نہیں ہوا۔ اسی طرح کفایت اللہ، رشید آصف، انجینئر ظہیر، نصیب اللہ بلوچ، علی اصغر بنگلزئی سمیت سینکڑوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اپنے آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جس طرح پنجگور سے لاپتہ معصوم بچے سمیت خاتون ومردکو بازیاب کرایا تھا باقی لاپتہ افراد کی بازیابی کو بھی یقینی بنائیں۔ مقررین نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور پی ڈی ایم کی قیادت نے وعدہ کیا تھا کہ برسراقتدار آتے ہی لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنائیں گے اور اداروں سے اس بارے میں پوچھیں گے لیکن اقتدار ملتے ہی انہوں نے خاموشی اختیار کی ہے، جس سے لاپتہ افراد کے اہلخانہ میں تشویش کی لہر بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اور ہائی کورٹ آف بلوچستان کے چیف جسٹس اپنے آئینی اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنائیں تاکہ ان کے اہلخانہ میں پائی جانے والے بے چینی کا خاتمہ ہو۔


