اسلم گچکی کو خراج عقیدت، بی این پی شہداء کی حقیقی جماعت ہے، تعزیتی ریفرنس
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیراہتمام پارٹی کے بانی رہنماء سابق رکن صوبائی اسمبلی میر اسلم جان گچکی کی20ویں برسی کے سلسلے میں تعزیتی جلسہ کلی غریب آباد برما ہوٹل پارٹی کے مرکزی انسانی حقوق کے سیکرٹری ایم پی اے احمد نوازبلوچ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جلسے کی صدارت رہنماء کی تصویر سے کرائی گئی جبکہ مہمان خاص پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ،اعزازی مہمان سابق سیکرٹری جنرل وسینیٹر ڈاکٹرجہانزیب جمالدینی،اعزازی مہمان مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری رکن صوبائی اسمبلی احمد نوازبلوچ اور ضلعی صدر ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی غلام نبی مری تھے۔ مقررین نے میر اسلم جان گچکی کی قربانیوں اور جدوجہد کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی بلوچ قوم اور بلوچستان کی خوشحالی کیلئے وقف کرتے ہوئے جدوجہد میں گزاری۔ اسلم گچکی نے بلوچستان میں سیاسی ومزاحمتی عمل سے جدوجہد کی جس نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا لیکن قومی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوئے ان کی قربانیوں کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کرینگے۔ ان کی جدوجہد پارٹی کے کارکنوں کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ پارٹی کے رہنماؤں نے کہاکہ بی این پی شہداء کی حقیقی جماعت ہے جنہوں نے ہر دور میں سرزمین اور بلوچستان کیخلاف ہونے والے سازشوں کو ناکام بنانے کی خاطر آمر واستحصالی قوتوں کے سامنے کبھی بھی مظالم کے خلاف خاموشی اختیار نہیں کی اور نہ اصولوں پر سودے بازی کی یہی وجہ ہے کہ پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں اور کارکنوں سے لیکر درجنوں ہمارے سیاسی وابستہ نظریاتی وفکری دوستوں کو ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے سے نشانہ بنایاگیا تاکہ بلوچ قومی تحریک اور سرزمین کی دفاع کی جدوجہد پر بی این پی کی مضبوط گرفت کو کمزور کرایاجاسکے۔ بی این پی مظلوم اقوام کی نمائندہ جماعت ہے راہشون سردار عطاء اللہ خان مینگل نے بلوچستان کی قومی سیاست کو نئی سمت دی جو ظلم،ناانصافی کے خلاف تمام اقوام کو یکجا کرکے اہم کردارادا کیا۔


