سازش کے تحت پنجگور کے حالات خراب کیے جارہے ہیں، بی ایس او
پنجگور (نمائندہ خصوصی) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل عظیم بلوچ، ضلعی آرگنائزر ڈاکٹر محسن جمیل نے پنجگور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پنجگور کے حالات خراب کئے جارہے ہیں امن و امان کی صورتحال تشویش ناک ہے، آئے روز شہر میں قتل چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہورہاہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ ایسا لگتاہے کہ یہاں جنگل کا قانون ہے انتظامیہ اور پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اس موقع پر بی ایس او کے مرکزی رہنماءکریم شمبے، کرم خان اور امجد حبیب موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے وشبود پولیس تھانہ کے سامنے پولیس اہلکار باب جان کو اغواءکرکے لاپتہ کیاگیا ہے ان کے ورثا اور سول سوسائٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پریس کانفرنس بھی کی لیکن پولیس باب جان کو اب تک بازیاب کرنے میں ناکام رہی ہے۔ پولیس کی ناک کے نیچے ان کا اپنا اہلکار اغوا ہوتا ہے اور پولیس بے بسی کا پتلا بنا ہوتی ہے تو یہ ادارہ عام شہریوں کو کیسے تحفظ دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم باب جان کے اغواءکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربت یونیورسٹی کے سب کیمپس پنجگور میں گزشتہ دو سال سے طلباءوطالبات کیلئے آئے ہوئے لیپ ٹاپ پڑے ہیں یہ لیپ ٹاپ گزشتہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے دےے تھے لیکن تاحال یونیورسٹی انتظامیہ انہیں تقسیم کرنے سے قاصر ہے، جسکی وجہ سے طلباءاور طالبات میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے۔ یہ لیپ ٹاپ طلباءاور طالبات کا حق ہیں ان کی تقسیم کو روکنے کی وجہ سے شکوک وشبہات جنم لے رہے ہیں۔ تمام لیپ ٹاپ کی فوری تقسیم کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجگور میں بے گناہ نوجوانوں کا قتل عام ناقابل برداشت ہے۔ ایک طرف نوجوان قتل ہورہے ہیں تو دوسری جانب لوگوں کو لاپتہ کیا جارہا ہے اس عمل کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے اور داد جان کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجگور میں امن و امان، جرائم کی روک تھام کے حوالے سے جو بھی تحریک شروع ہوتی ہے بی ایس او بھرپور ساتھ دینے کیلئے تیار ے۔ ایک سوال کے جواب میں عظیم بلوچ نے کہا کہ بی ایس او کے تمام دھڑوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کیلئے پوری کوشش کر رہے ہیں امید ہے کہ اس میں جلد کامیابی ہوگی۔


