التاریہ نامی عراقی گروپ کا اسرائیلی ویب سائٹس پر خطرناک سائبر حملہ
بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) عبرانی میڈیا نے کہا ہے کہ اسرائیلی ویب سائٹس کو سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ سائبر حملے، التاریہ ٹیم نامی ایک گروپ نے کیے جو عراق میں مقیم ہے۔اسرائیل کے عبرانی اخبار نے ایک رپورٹ میں کہا کہ بڑی تعداد میں اسرائیلی ویب سائٹس پر خوفناک سائبر حملے کیے گئے۔حملے کے اہداف میں اسرائیل میں ایئرپورٹ اتھارٹی کی ویب سائٹ، جو کچھ عرصے کے لیے منقطع تھی، اسرائیلی چینل کی ویب سائٹ، اسرائیلی پبلک براڈکاسٹنگ اتھارٹی کی ویب سائٹ اور کئی دوسری اہم ویب سائٹس شامل ہیں۔ تاہم پبلک براڈ کاسٹک کی ویب سائٹس کو کچھ دیربعد بجال کردیا گیا تھا۔اسرائیلی اخبار کے مطابق عراق میں ذکر کردہ ہیکرز کے گروپ نے کہا یہ حملہ دو سال قبل ایرانی پاسداران انقلاب میں قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کے ردعمل میں کیا گیا تھا۔ عبرانی اخبار نے لکھا کہ سوشل نیٹ ورکس پر مختلف گروپس نے گذشتہ روز سائبرحملوں کا اعلان کیا تھا۔اخبار نے نشاندہی کی کہ اسرائیلی ذرائع نے تسلیم کیا کہ حملے کا وقت بالکل درست طور پر منتخب کیا گیا تھا۔ جس وقت امریکی افواج نے قاسم سلیمانی اور پاپولر موبلائزیشن فورسز کے رہ نما ابو مہدی المعروف کو قتل کیا تھا اسی وقت یعنی رات کے ایک بجے ہیکروں نے سائبر حملے کیے۔قاسم سلیمانی کو 3 جنوری 2020 ء کو بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر امریکی فضائیہ کی جانب سے کیے گئے ایک فضائی حملے میں قتل کر دیا گیا تھا، جب کہ ان کے ساتھ عراقی ملیشیا کا ایک اہم رکن ابو مہدی المہندس بھی اسی حملے میں مارا گیا تھا۔


