بارڈر پر سیکورٹی اہلکاروں کی بھتہ گیری سے مزدور طبقہ استحصال کا شکار

کیچ (انتخاب نیوز) بارڈر پرتیل کے کاروبار سے وابستہ افراد کاکہناہے کہ عبدوئی بارڈر پر لیویز کا لین سسٹم من پسند لوگوں اور بھتہ خوری پر چل رہا ہے جو غریب محنت کش مزدور کیلئے سراسر نا انصافی اور استحصال ہے، انتظامیہ بشمول لیویز فورس کیلئے بھتہ خوری کا بازار گرم ہے جس میں غریب محنت کش مزدور اور تیل بردار عوام کیلئے روزگار کا دروازہ مکمل بند کرنے کی کھلی سازش و غیر آئینی اقدام ہے۔ عبدوئی بارڈر پر مزدور کی حق تلفی کی جارہی ہے، لیویز فورس کی اپنی گاڑیاں اور ان کے رشتہ دار مفت کام کر رہے ہیں،ہم سمجھتے ہیں کہ غریب محنت کش مزدور کی روزگار پر ڈاکہ زنی اور بھتہ خوری میں انتظامیہ کے ذمہ دار ملوث ہو کر غریب عوام کا خون چوس رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق روزانہ سینکڑوں گاڑیوں سے غیر قانونی بھتہ وصول کرکے بارڈر پرتیل کی ترسیل کی اجازت دی جارہی ہے، جو سراسر محنت کش تیل بردار مزدوروں کی کھلی حق تلفی ظلم و نا انصافی ہے۔ اس ظلم و قومی استحصال کیخلاف بروقت آواز اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔ بارڈر کے مسئلے پر سول سوسائٹی سمیت حق دو تحریک کی خاموشی بیروزگار غریب طبقے کو محتاجی پر لے جارہی ہے، اگر اس طرح لوگوں میں بولنے کی سکت ختم ہو جائے تو ہمارا معاشرہ بے روزگاری سے بھر جائے گا،ہم متنبہ کرنا چاہتے ہیں ڈی سی کیچ اور انتظامیہ کو کہ اپنی بھتہ خوری سے باز آئیں، غریب تیل بردار مزدوروں کی استحصال بند کریں تاکہ غریب مزدور تیل بردار لوگوں کو اپنا حق مل سکے اور دو وقت کی روٹی کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھانے ذلیل و خوار ہونے سے بچ سکیں بصورت دیگر کاروباری لوگ احتجاج کریں گے،ہم تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزار دوست،حق دو تحریک تربت کے رہنما یعقوب جوسکی، وسیم زامرانی،صادق فتح سے اپیل کرتے ہیں کہ جلد بارڈر کے معاملے میں نتیجہ خیز احتجاج کا اعلان کریں علاقے کی عوام کی امیدیں آپ سے وابستہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں