بلوچستان کا آئندہ مالی سال کا 560 ارب سے زائد کا بجٹ 20جون کو پیش ہوگا
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کا آئندہ مالی سال کا 560 ارب روپے سے زائد کا بجٹ کل پیش کیا جائیگا، بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائیگا جبکہ ملازمین کی تنخواہوں میں وفاق کی طرز پر 15 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ خزانہ بلوچستان ذرائع کے مطابق بلوچستان کے آئندہ مالی سال کا 560 ارب روپے سے زائد کا بجٹ کا کل وزیر خزانہ و مواصلات سردار عبدالرحمن کھیتران پیش کریں گے۔ بجٹ میں ترقیاتی مد میں کم و بیش 190ارب روپے جبکہ غیر ترقیاتی مد میں تقریباً 370 ارب روپے کی رقم مختص کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق بجٹ خسارہ 90ارب روپے کے لگ بھگ ہونے کا امکان ہے، بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں وفاق کی طرز پر 15 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان کو محاصل کی مد میں گزشتہ سال کے 490 ارب روپے کی نسبت اس سال 530 سے 550 ارب روپے ملنے کا امکان ہے۔ ساتھ ہی آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق بجٹ میں تعلیم، صحت، زراعت، بلدیات، مواصلات، آبنوشی، امن و امان کے شعبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ آئندہ مالی سال کیلئے مختلف محکموں میں سات ہزار نئی اسامیوں کا اعلان متوقع ہے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں وفاق کی طرز پر پندرہ اضافہ کیا جائے گا۔


