دورہ پاکستان سے انکاری، مشفیق الرحیم بنگلہ دیشی ون ڈے ٹیم سے ڈراپ
ڈھاکہ بنگلہ دیشی سلیکٹرز نے زمبابوے کے خلاف ہفتے کو شیڈول تیسرے ون ڈے کے لئے 32 سالہ سابق کپتان مشفیق الرحیم کو سکواڈ سے ڈراپ کردیا کیوں کہ وہ اس ٹیم کو آزمانا چاہتے ہیں جو پاکستان کے خلاف کراچی میں واحد ون ڈے کھیلے گی اور مشفیق الرحیم پہلے ہی ذاتی وجوہات کے سبب پاکستان جانے سے انکار کر چکے ہیں۔بنگلہ دیشی سلیکشن کمیٹی نے زمبابوے کے خلاف تیسرے میچ کے لئے بنگال ٹائیگرز کے سکواڈ میں سومیا سرکار کو جگہ دے دی ہے جو اپنی شادی کی وجہ سے ابتدائی دو ون ڈے نہیں کھیل سکے تھے۔چیف سلیکٹر منہاج العابدین کا کہنا تھا کہ زمبابوے کے خلاف آخری ون ڈے میں مشفیق الرحیم کو اس وجہ سے نہیں کھلا رہے کہ وہ ان نوجوان پلیئرز کو آزمانا چاہتے ہیں جن کو پاکستان کے دورے پر واحد ون ڈے کے لئے منتخب کیا جا سکتا ہے اور انہیں پاکستان میں ڈیبیو کرانے کا خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا۔بنگلہ دیشی چیف سلیکٹر کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے مشفیق الرحیم کوواحد ون ڈے اور دوسرے ٹیسٹ میں شرکست کے لیے پاکستان جانے کے لئے آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی لیکن وہ رضامند نہیں ہوئے جس پر یہ فیصلہ کرنا پڑا۔یاد رہے کہ بنگلہ دیش کو زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔