تباہ کن زلزلے میں ایک ہزار افراد ہلاک، سیکڑوں زخمی، افغان حکومت کی عالمی برادری سے مدد کی اپیل
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ایک ہزار اموات کے بعد افغان حکومت نے بین الاقوامی مدد کی اپیل کی ہے۔ مقامی حکام کے مطابق منگل کی شب آنے والے زلزلے سے 1000 افراد ہلاک اور 1500 زخمی ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ افغانستان کا صوبہ پکتیکا منگل اور بدھ کی درمیانی شب آنے والے زلزلے سے شدید متاثر ہوا تھا اور زلزلے کے بعد سے اب تک متعدد افراد مٹی سے بنے مکانات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین اور امداد میں مدد کرنے والوں کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کئی گاو¿ں مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں، سڑکیں بند اور موبائل فون ٹاور کام نہیں کررہے جبکہ اموات کی تعداد میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور دوردراز علاقوں میں زخمیوں اور لاشوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے تاہم ملک میں جاری موسلادھار بارشوں اور ژالہ باری سے امدادی کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔


