ہنہ اوڑک میں عوامی اراضی پر ایف سی کے قبضے غیر قانونی ہیں، این ڈی ایم
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے جنرل سیکرٹری مزمل شاہ نے اپنے بیان میں ضلع کوئٹہ کی پرفضا وادی ہنہ میں عوامی ملکیت کی اراضی، پانی اور عوام و شہریوں کی سیروتفریح کے مقامات پر ایف سی کے قبضے کے غیر آئینی، غیرقانونی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس سلسلے میں ہنہ کے عوام کی جاری جمہوری مزاحمت اور احتجاج کی بھرپور حمایت کی ہے۔ عوام کے برحق مطالبے کے فوری حل کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگرچہ اس ملک میں روز اول سے پشتون و دیگر محکوم اقوام کے آبی، معدنی وسائل، جنگلات پر پنجاب کے استعماری و آمرانہ قوتوں نے قبضہ کرکے محکوم اقوام کو سیاسی، جمہوری، قومی اور ثقافتی حقوق واختیارات سے محروم رکھا ہے۔ جبر و طاقت کے ذریعے اس استعماری قبضے اور استحصال کو مسلط رکھا ہے لیکن 2014ء سے بلوچستان بالخصوص جنوبی پشتونخوا میں ان آمرانہ قوتوں نے ہمارے عوام کی ملکیتوں پر قبضوں کا سلسلہ شروع کرکے اس کا آغاز ضلع ہرنائی میں عوام کی ملکیت کوئلے کے ذخائر اور مائنز پر قبضے سے کرکے اسی دور میں دکی، شاہرگ، ہرنائی، سورینج تا ڈیگاری اور مچھ سمیت صوبے میں کوئلے کے تمام ذخائر پر قبضہ کرکے سالانہ اربوں روپے بزور طاقت لیتے رہے جو آج بھی مختلف طریقوں سے لی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس کے بعد جنوبی پشتونخوا میں عوامی اراضیوں، پہاڑوں، آبی ذخائر، پبلک پراپرٹی، جنگلات، سیروتفریح کے مقامات پر قبضوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کیاگیا ہے اور حالیہ دنوں ہنہ سے شعبان زرغون غر کے پہاڑی سلسلے میں عوامی اراضیوں، پانی اور سیروتفریح کے مقامات پر قبضہ کیا گیا ہے جس کیخلاف عوام کی جمہوری مزاحمت جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف سی کے ذریعے ان غیرآئینی و غیر قانونی قبضوں پر سابق اور موجودہ حکومت نے اپنی آئینی ذمے داریوں اور عوامی مینڈیٹ سے انحراف کرکے سمجھوتے اور مصلحت کا شکار ہوئے ہیں اور عوامی ملکیتوں و حقوق کا دفاع کرنے کے بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی جس کی وجہ سے صوبے اور جنوبی پشتونخوا کے عوام پر موجودہ اذیت ناک صورتحال مسلط ہے اور مختلف علاقوں میں سیاسی پارٹیوں کے بجائے عوام نے خود جمہوری مزاحمت شروع کررکھی ہے۔ انہوں نے ہنہ کے عوام کے مطالبات کے فوری حل کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ جمہوری سیاسی پارٹیاں مزید مصلحتوں اور سمجھوتوں کی طرز عمل اور روایتی طرز سیاست ترک کرکے عوام کی آئینی، جمہوری اور انسانی حقوق کیلئے مشترکہ جمہوری مزاحمتی تحریک شروع کرے۔


