مکیش امبانی کا ریلائنس جیو کی ڈائریکٹر شپ سے دستبرداری کا اعلان

ممبئی ((مانیٹرنگ ڈیسک) ریلائنس گروپ کے چیئرمین اور بھارت کے دوسرے امیر ترین شخص مکیش امبانی نے ریلائنس جیو انفو کام کے ڈائریکٹر کا عہدہ چھوڑ دیا، اب یہ عہدہ ان کا بیٹا آکاش امبانی سنبھالے گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق 27 جون کو جیو انفو کام کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ ہوئی جس میں مکیش امبانی نے ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیا۔ بورڈ نے ان کے بیٹے آکاش امبانی کی نئے ڈائریکٹر کے طور پر تعیناتی کی منظوری دے دی۔ اس سے قبل وہ بورڈ میں نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات تھے۔یہاں یہ بھی واضح رہے کہ جیو انفو کام، جیو پلیٹ فارمز کی ذیلی کمپنی ہے جس کے چیئرمین مکیش امبانی ہیں اور وہ اپنے اس عہدے پر کام جاری رکھیں گے۔ ان کے صاحبزادے آکاش امبانی کو جیو کے فور جی سسٹم کو بلندیوں پر پہنچانے کا کریڈٹ دیا جاتا ہے۔ 2020 ء میں دنیا بھر کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے جیو میں سرمایہ کاری کی تھی جس کو انڈیا لانے میں آکاش امبانی نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں