منگچر، بی آئی ایس پی کے تحت مہنگائی ریلیف کے 2 ہزار روپے کے حصول میں عوام کو مشکلات
منگچر (انتخاب نیوز) منگچر بینظیرانکم سپورٹ پروگرام فرنچائز میں حکومت پاکستان کی جانب سے مہنگائی ریلیف کے لئے 2000 روپے کی تقسیم کاعمل انتہائی سست روی کا شکار ہے انٹرنیٹ کی خرابی، بائیو میٹرک ڈیوائس کا ایک ہونا اور مستحقین کی تعداد زائد ہونے سے اس سخت گرمی میں دوردراز دیہات چوری،زرد عبداللہ،زردغلام جان،کلی خراسانی،رحمت زئی،یوسف زئی،جوہان،کوہک سے آنے والی غریب خواتین کرایہ ودیگر اخراجات کے باوجود بغیر رقم وصول کرکے گھر جاتی ہیں۔ رقم دوہزار روپے ہے مگر اس کے حصول میں کافی مشکلات ہیں۔ اسے مزید آسان بنایا جائے ایزی پیسہ فرنچائزز کو بھی اس رقم کی اجازت دی جائے تاکہ مستحقین کو بروقت بغیر کسی مشکلات سے یہ رقم مل سکے، فرنچائز میں زیادہ ڈیوائس رکھی جائیں تاکہ غریب خواتین کو بروقت رقم میسر ہوسکے، ابھی تک مردوں میں رقم کی تقسیم کا عمل شروع نہیں کیا گیا ہے اگر وہ شروع ہوا تو رش مزید بڑھنے کی توقع ہے۔ عوامی حلقوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حکام بالا، ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن ر مہراللہ بادینی، اسسٹنٹ کمشنر منگچر بہرام سلیم سے مطالبہ کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام منگچر فرنچائز میں بائیو میٹرک ڈیوائس کی تعداد بڑھانے اور رقم کی تقسیم کا عمل تیز کرنے کے لیے عملی اقدامات اْٹھائے جائیں۔


