برطانوی وزیراعظم کی کابینہ کے دو اہم وزراءمستعفی، بورس جانسن کے استعفے کا مطالبہ

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا، پاکستانی نژاد کنزر ویٹیو رکن پارلیمنٹ ثاقب بھٹی بھی حکومتی عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ثاقب بھٹی سابق سیکرٹری ہیلتھ ساجد جاوید کے پرائیوٹ پارلیمنٹری سیکرٹری کے عہدے پر فائض تھے جبکہ وہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ہمراہ بریگزٹ کے حق میں مہم چلانے میں بھی پیش پیش رہے۔ ثاقب بھٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کنزر ویٹیو پارٹی ہمیشہ دیانت اور عزت کا نشان رہی ہے،بدقسمتی سے گزشتہ چند ماہ میں پیش آئے واقعات پارٹی پر عوامی اعتماد میں کمی کا باعث بنے۔ اس کے علاوہ کنزر ویٹیو پارٹی کے وائس چیئرمین بین ایفلومی بھی عہدے سے مستعفی ہوگئے جبکہ جوناتھن گولیس اور نکولا رچرڈسن نے بھی پرائیوٹ پارلیمنٹری سیکرٹری کے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ بین ایفلومی نے وزیراعظم بورس جانسن سے بھی استعفے کے مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی کابینہ کے دو اہم وزراءنے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیا۔ ہیلتھ سیکرٹری ساجد جاوید اور برطانوی وزیر خزانہ رشی سونک اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں