افریقہ میں ایک لاکھ 90 ہزار تک ہلاکتیں ہو سکتی ہیں، عالمی ادارہ صحت
نیویارک :عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ افریقہ میں اگر وائرس کو روکنے کے اہم اقدامات ناکام ہوگئے تو پہلے سال میں پورے برِ اعظم میں ایک لاکھ 90 ہزار تک لوگ ہلاک ہو سکتے ہیں۔نئی تحقیق میں یہ بھی پیشگوئی کی گئی ہے کہ یہ وبا آئندہ چند سالوں تک باقی رہے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی سربراہ برائے افریقہ میٹشیدیسو موئتی نے کہاکہ یہ ممکنہ طور پر مخصوص علاقوں میں زیادہ افزائش پائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ مرض کی منتقلی کا ٹکڑوں میں بٹنا اور سست رفتار رجحان افریقہ کو دیگر علاقوں سے ممتاز کر رہا ہے۔ادارے کی جانب سے وارننگ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب برِاعظم افریقہ کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک نائجیریا اور اس کے ساتھ جنوبی افریقہ اور آئیوری کوسٹ نے لاک ڈان اقدامات میں نرمی کرنی شروع کر دی ہے۔اس تازہ ترین مطالعے میں کہا گیا کہ افریقہ کے خطے میں وبا کے پہلے سال میں دو کروڑ 90 لاکھ سے چار کروڑ 40 لاکھ افراد اس مرض سے متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ اسی دورانیے میں 83 ہزار سے ایک لاکھ 90 ہزار تک لوگ ہلاک ہو سکتے ہیں۔