عالمی ادارہ صحت نے بلوچستان کے 16 اضلاع میں ہیضے کے پھیلاؤ کی تصدیق کردی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) نے بلوچستان کے 16اضلاع میں ہیضے کی وباء کے پھیلاؤ کی تصدیق کردی صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ نے ہیضے کی وباء کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ صوبائی وزیر کے مطابق ہیضے کی وبا پر قابو پانے کے لیے خصوصی طبی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیجی جا رہی ہیں۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے حکام نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے 16 اضلاع میں شدید ڈائیریا کی وبا پھیلی ہوئی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق صوبے میں اس بیماری سے 1,300 سے زیادہ لوگ متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ژوب ضلع میں گزشتہ 10 روز کے دوران 7افراد ہلاک ہو گئے۔خضدار کے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ہیضے کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جہاں کئی قریبی دیہاتوں سے لوگ آ رہے ہیں۔ڈاکٹر سیف الرحمن کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران 100 سے زائد مریض ہسپتال میں داخل ہوئے ہیں۔ژوب کے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نور الحق کے مطابق ژوب میں بھی صورتحال زیادہ مختلف نہیں ہے، جہاں ہیضے میں مبتلا 7 مریض جان کی بازی ہار گئے۔


