نال میں پرائس کنٹرول کمیٹی غیر فعال، اشیاء خورونوش مہنگے داموں فروخت

نال (انتخاب نیوز) نال میں پرائس کنٹرول کمیٹی غیر فعال ہونے کی وجہ سے شہر میں خود ساختہ مہنگائی کا راج، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، چیک اینڈ بیلنس کا نظام نہ ہونے سے شہر میں منہ مانگی قیمتوں میں اشیاء خورونوش عوام کو فروخت کی جارہی ہیں۔ رمضان کے بعد سے اب تک کوئی پرائس لسٹ نہیں بنائی گئی جس کا فائدہ اٹھا کر دکاندار، سبزی فروش عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے کہا کہ نال بازار میں پرائس کنٹرول کمیٹی کا نام و نشان تک نہیں، ہر کسی نے اپنی مرضی سے ریٹ بنا کر عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ سبزی، گوشت، پھل غریب کی دستر سے باہر، ملاوٹ شدہ مضر صحت چیزیں فروخت کرنے اور غریب عوام کو لوٹنے کی کھلی چھوٹ حاصل ہے۔ ایک طرف حکومت کی جانب سے آئے روز اشیاء روز مرہ کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب تاجروں کی خود ساختہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی۔ شہر میں سبزی، فروٹ، بڑا اور چھوٹا گوشت سمیت دیگر اشیاء خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ نرخنامہ کی دھجیاں اڑا کر ہر ایک نے چیزوں کے اپنے من پسند ریٹ لگا کر عوام کو لوٹنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ دوسری طرف چیک اینڈ بیلنس کا مروجہ قوانین نہ ہونے کی وجہ سے ہوٹلوں، بیکری، تندور، قصابوں اور دکانوں پر صفائی کا مکمل فقدان ہے۔ حفظان صحت کے بنیادی اصولوں کی پامالی کے باعث لوگ ہیپاٹائٹس بی سمیت مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے ڈی سی خضدار، اے سی نال سے اپیل کی کہ پرائس کنٹرول کمیٹی کو فعال کرکے اشیاء خورونوش کی چیزوں میں خود ساختہ مہنگائی اور حفظان صحت کے اصولوں کی پامالی کا نوٹس لے کر کارروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں