خاران اور مستونگ میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 8 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر

راولپنڈی (پ ر) آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 25 اور 26 جون کو انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے خاران میں دہشتگردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، فورسز کی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اس کے علاوہ 26 جون کو مستونگ میں ممکنہ خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع پر قبل از وقت انٹیلی جنس آپریشن میں فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں