بے گناہ، مغوی و مقید بلوچوں کوانتقام کے نام پر قتل کیا جارہا ہے، سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی وحید بلوچ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مختلف ٹوئٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں حمودالرحمن کمیشن سے لیکر اس سے پہلے اور بعد کے پاکستانی جوڈیشل کمیشنز، انتظامی کمیشنز اور پارلیمانی کمیشنز نے کیا گْل کھلائے ہیں جو اب بلوچوں کی داد رسی کی جائے گی۔ یہ ساری بکواس اپنے کو تسلی دینے اور لوگوں کو دھوکہ دینے کے چکر ہیں۔ بلوچوں کو اب خود فریبی سے نکلنا چاہیئے۔ بے گناہ مغوی و مقید بلوچوں کوانتقام کے نام پر قتل کرنا صرف اور صرف پنجابی فوج کرسکتی ہے، اس ظلم اور نسل کشی پر کوئی بھی با ضمیر جج، جرنیل، جرنلسٹ، سیاستدان حتیٰ کہ بلوچ پارلیمنٹیرین نہیں جو احتجاج کرے، جواب طلب کرے، انصاف کی بات کرے۔ بلوچوں کی زندگی غلامی کی بدترین شکل ہے۔ بلوچوں کیخلاف فوج کی نسل کشی جاری، سرکاری عقوبت خانوں میں موجود بلوچوں کو اپنے غصے وبدلے کی آگ کی بھینٹ چڑھا کر قتل کرنا انتہائی رقیق وقابل نفرت عمل ہے اور مزید خون خرابے کا سبب ہے بلوچستان کا مسئلہ سیاسی رستا زخم ہے حل بھی سیاسی ہے، بندوق کی طاقت اب تک ناکام رہی ہے اور آئندہ بھی ناکام رہے گی۔


