مشیر داخلہ بلوچستان کی بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کی ہدایت

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی مشیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری مون سون تھرڈ اسپیل تیز بارشوں کے پیش نظر محکمہ پی ڈی ایم اے اور بلوچستان پولیس کو امدادی سرگرمیوں میں ضلعی انتظامیہ کی مکمل معاونت کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ مشیر داخلہ نے تمام ڈی آئی جیز، ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ محکمہ پی ڈی ایم اے کے افسران اہلکار اور پولیس ٹیموں کے ساتھ ساتھ ٹریفک وارڈنز،اہلکار بھی امدادی سرگرمیوں میں ضلعی انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کریں اورشہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ میر ضیا اللہ لانگو نے کہاکہ تیز بارشوں والے علاقوں میں پولیس افسران ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن رکھیں اورٹریفک وارڈنز، اہلکار اور پیرو ٹیمیں بارش میں پھنسے شہریوں کو ہر ممکن مدد اور راہنمائی فراہم کریں۔ مشیر داخلہ نے کہاکہ بلوچستان سمیت صوبے کے تمام اضلاع جہاں ندی نالوں یا دریاں میں طغیانی کا خدشہ ہے وہاں محکمہ پی ڈی ایم اے، پولیس ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں اورکسی بھی ہنگامی صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے اضافی ٹیموں کو تعینات رکھا جائے۔ مشیر داخلہ نے ہدایت کی کہ تمام ٹریفک افسران بارش میں شاہرات پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے ذاتی نگرانی میں خصوصی اقدامات یقینی بنائیں اورٹریفک افسران بارش کے دوران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ وزٹس کرکے ٹریفک کی ہموار روانی کا جائزہ لیں۔صوبائی مشیر داخلہ نے یہ ہدایات مون سون بارشوں کے جاری 3سپیل کے پیش نظر صوبے کے تمام سپروائزری افسران کو جاری کئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں