نیوکراچی اور کورنگی میں فائرنگ سے 2 افراد قتل، پولیس مقابلے، 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
کراچی (انتخاب نیوز) نیو کراچی اور کورنگی میں فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا گیا جبکہ شاہ لطیف ٹائون اور سپرہائی وے پر پولیس مقابلوں کے دوران دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا. واقعات کے مطابق نیو کراچی کے علاقے سندھی ہوٹل کے قریب فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول کی شناخت 30 سالہ ناصر ولد غلام حیدر کے نام سے ہوئی، پولیس واقعہ کی تفتیش کررہی ہے. دریں اثناء کورنگی بلال کالونی مرتضٰی چوک کے قریب فائرنگ سے 32سالہ شیر محمد ولددوست محمد ہلاک ہواجسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی جھگڑے کا نتیجہ ہے تاہم پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے. قبل ازیں شاہ لطیف ٹائون کے علاقے در محمد گوٹھ کے قریب پولیس مقابلے کے دوران اکرم ولدعیسٰی نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کے بعد علاج معالجہ کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا. سپر ہائی وے الحبیب ریسٹورنٹ کے قریب پولیس مقابلے میں ملزم طارق ولد صلاح الدین کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کے بعد عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا. دونوں ملزمان سے پولیس نے اسلحہ برآمدگی کا دعویٰ کیا ہے.


