بی این پی کی کال پر بلوچ لاپتہ افراد کے قتل کیخلاف احتجاجی ریلی اور دھرنا
ڈیرہ اللہ یار (انتخاب نیوز) زیارت میں بلوچ نوجوانوں کے مبینہ ماورائے عدالت قتل، خواتین پر تشدد اور انسانی حقوق کی پامالی کیخلاف بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کال پر کارکنوں نے ڈیرہ اللہ یار میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا اور پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا بی این پی کے درجن بھر کارکنوں نے ضلعی صدر احسان احمد کھوسہ کی قیادت میں ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر بی این پی دفتر سے ریلی کی صورت میں پریس کلب پہنچے اور دھرنا دیا احتجاجی دھرنے سے بی این پی کے ضلع صدر احسان احمد کھوسہ، مراد بلوچ، احسان اللہ آر بی، دلشاد احمد کھوسہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں کشت و خون کا سلسلہ ریاستی مظالم کا تسلسل ہے بلوچ نوجوانوں کو لاپتہ کرکے مبینہ ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا خواتین پر تشدد اور انسانی حقوق کی پامالی جاری ہے انکا کہنا تھا کہ ریاست نے بلوچستان کو کالونی بنا رکھا حقوق کی آواز اٹھانے پر مسخ شدہ لاشیں دی جا رہی ہیں بی این پی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور بلوچ فرزندان کے مبینہ ماورائے عدالت قتل پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے پر امن احتجاج کے ذریعے ریاستی مظالم کیخلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔


