بلوچ لاپتہ افراد کی بازیابی ملکی بقا اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے، چوہدری شبیر

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کی تمام سیاسی قیادت لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کے لیے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے یک نکاتی ایجنڈے پر وفاقی حکومت کے تعاون کو مشروط کرے کیونکہ انصاف کی فراہمی بلا تفریق اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہی ملک کی بقا، سلامتی اور خوشحالی کا ضامن ہے۔ ان خیالات کااظہار بلوچستان عوامی پارٹی کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان چوہدری شبیر احمد بلوچستانی نے عبداللہ بنگلزئی، علی احمد لہڑی، نثار عمرانی، ایف بی جمالی اور دیگر سینئر ساتھیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ تحفظ ریاست اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری اور قانونی فریضہ ہے۔ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے بلوچستان کے گہرے اور سنگین مسائل کا فوری حل ملک کی بقا اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ قیادت اقتدار پر قبضے سے گریز کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ ریاستی ادارے آئین کے اندر رہتے ہوئے اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں