پرویز الٰہی وزیراعلیٰ پنجاب قرار، گورنر ساڑھے گیارہ بجے تک حلف لیں، سپریم کورٹ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں پرویز الٰہی کی درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کی رولنگ کالعدم قراردے دی اور پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ کے بعد فیصلے کے بعد لاہور میں پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر جشن شروع ہوگیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف اور ق لیگ کے حامی پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کالعدم قرار دیدی، پرویز الٰہی وزیراعلیٰ ہوں گے۔ خیال رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ درست نہیں، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دی جاتی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کا کوئی قانونی جواز نہیں، پنجاب کابینہ بھی کالعدم قرار دی جاتی ہے، حمزہ شہباز اور ان کی کابینہ فوری طور پر عہدہ چھوڑیں۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ آج رات ساڑھے گیارہ تک پرویز الٰہی بطور وزیراعلیٰ پنجاب حلف لیں، گورنر پنجاب آج رات ساڑھے گیارہ بجے تک پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ کا حلف لیں، فیصلے پر فوری عمل یقینی بنایا جائے، گورنر اگر پرویز الٰہی سے حلف نہ لیں تو صدر مملکت وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لیں گے، فیصلے کی کاپی فوری طور پر گورنر پنجاب، ڈپٹی اسپیکر اور چیف سیکرٹری کو بھیجی جائے۔


