زیارت آپریشن ،حقائق سامنے لایا جانا ضروری ہے، جوڈیشل کمیشن پر اٹھائے گئے اعتراضات کم فہمی کی بنیاد پر ہیں،وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ زیارت آپریشن پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کے حوالے سے بعض دوستوں کی جانب سے اٹھائے گئے ، اعتراضات کم فہمی کی بنیاد پر ہیں یہ ریاست ہماری ہے عوام ہمارے ہیں اور ادارے ہمارے ہیں جو سب ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور انکا ایک دوسرے سے جڑے رہنا ہی ہم سب کی بقا کا ضامن ہے

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ زیارت آپریشن کے حوالے سے بعض حلقوں میں بے چینی پائی جارہی تھی جس سے عوام اور اداروں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہونے کا احتمال تھا ،ہم نے اس نازک صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کو ناگزیر سمجھا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ماضی کے چند واقعات میں بھی ایسی صورتحال پیدا ہونے پر جوڈیشل کمیشن قائم ہوئے اور انکی رپورٹ میں ادارے بری الزمہ قرار پائے، زیارت آپریشن کے حوالے سے بھی حقائق کا سامنے لایا جانا ضروری ہے جس کےلئے قائم جوڈیشل کمیشن اپنی فائنڈنگ دے گا جس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائےگا-

انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صوبہ بھر میں شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال اور وسیع پیمانے پر ہونے والے نقصانات کے تناظر میں میں نے اپنا لندن کا سرکاری دورہ منسوخ کر دیا ہے انشاءاللہ اپنے عوام اور متاثرین کے درمیان رہ کر امداد و بحالی کی سرگرمیوں کی نگرانی کرونگا اللہ ہماری مدد و رہنمائی فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں