پی ڈی ایم پی ٹی آئی کشیدگی نے سیاسی ماحول کو آلودہ کردیا ہے‘ علی احمد کرد

کوئٹہ:سینئر قانون دان سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر علی احمد کرد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے درمیان جاری کشیدیگی کے باعث ملک کا سیاسی ماحول آلودہ ہوگیا ہے وکلاء کی موجودہ قیادت میں بہتر سیاسی فیصلے کرنے کا شعور نہ ہونے کی وجہ سے وکلاء آج سیاسی تحریک کاحصہ نہیں ہیں جس پر مجھے افسوس ہے اس وقت ملک میں صرف 15سے20وکلاء ہیں جو سنجیدہ ہیں اگر یہی وکلاء سڑکوں پر نکل آئیں توسیاسی جماعتیں اپنی اہمیت کھو دیں گی، یہ بات انہوں نے صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ مجھ اسمبلی کا رکن بننے کی کوئی خواہش نہیں ہے پنڈی سے انتخاب لڑا تو میرے خلاف شیخ رشید نے انتخابات میں پیسوں کا استعمال کیا اگر میں عوام سے چندہ مانگتا تو ان سے زیادہ پیسے اکھٹے کر سکتا تھا مگر کیا ایسے جیتنا فتح کہلائیگا؟ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات میں پیسے کے استعمال کے نظام کو تبدیل ہوناچاہیے اور میں اس تبدیلی کے لئے کوشاں ہوں پاکستان میں بھی عام آدمی پارٹی طرز کی جماعت ہونی چاہیے جو عام آدمی کے مسائل کو اجاگر کرے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں عوام کو معلوم ہوچکا ہے کہ اشرافیہ انکی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکتی کچھ ہزار لوگوں کے علاوہ آبادی کی بڑی تعداد دو وقت کی روٹی محروم ہے انہوں نے کہا کہ مجھے ہائی کورٹ کا جج بننے کی پیش کش ہوئی تھی تاہم میں نے اسے یہ کہہ کر معذرت کرلی کہ اگر دن میں 50سے 80افرادسے نہ ملوں تو بیمار ہوجاؤنگا میں نے بار کی سیاست کی ہے اور اس سے عزت ملی ہے اگر میں جج ہوتا تو بہتر خدمات سرانجام دے سکتا تھا علی احمد کرد نے کہا کہ میرے مخالف امیدوارنے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں 5کروڑ روپے خرچ کئے مجھے ہرانے میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کردار ادا کیا تھا انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت اب سیاسی قیادت تبدیل ہوچکی ہے ماضی کی قیادت بے داغ تھی ان پر کسی قسم کی کرپشن کاالزام نہیں تھا انہوں نے کہا کہ میں اپنے سیاسی سفر میں کچھ کرناچاہتاہوں کیونکہ میرا سیاسی سفر نامکمل ہے موڈی انسان ہوں جس دن موڈ ہوگا باہر نکل آؤنگا انہوں نے کہا کہ میں ملک میں تبدیلی کے لئے پرعزم ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں