خضدار کو آفت زدہ قرار دے کر ریلیف اور بحال کے اقدامات کیے جائیں، بی اے پی

خضدار (انتخاب نیوز) خضدار کو آفت زدہ ضلع قرار دیکر بارش متاثرین کی بحالی اور امداد کے لیئے فوری اقدامات اور مالی و زرعی نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔بلوچستان عوامی پارٹی خضدارکے ضلعی ترجمان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ طوفانی بارشوں کی وجہ سے وسیع پیمانے پر ہونے والے مالی نقصانات کے پیش نظر خضدار کو فوری طور پر آفت زدہ ضلع قرار دیکر متاثرین کی امداد و بحالی کے لیئے اقدامات کیئے جائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ طوفانی بارشوں نے ہر طرف تباہی مچادی ہے، لوگ کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں۔ زمینداروں کے اربوں روپے کا نقصانات ہوئے ہیں جبکہ کرخ، مولہ، گریشہ، اورناچ، نال، باغبانہ، نوغے، زہری اور سب ڈویژن وڈھ کی مختلف تحصیلوں میں سینکڑوں مکانات منہدم اور کھڑی فصلیں تباہ ہوچکے ہیں۔ متاثرین بے سروسامانی کے عالم میں طوفانی بارشوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ رابطہ سڑکیں سیلابی ریلوں کی نظر ہونے کے باعث خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے لیکن سنگین صورتحال کے باوجود پی ڈی ایم اے اور صوبائی حکومت خواب خرگوش میں ہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر خضدار کو آفت زدہ ضلع قرار دیکر بارش متاثرین کی بحالی اور امداد کے لیئے اقدامات اور نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں