سیلابی بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں بحالی اور ریلیف کے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں پاکستان آرمی بھرپور انداز سے کام کررہی ہے۔وزیراعلی میر عبدالقدوس بزنجو نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بلوچستان میںسیلابی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال اور ہونے والے نقصانات کا بھرپور طور پر ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام ادارے سیلابی بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں بحالی اور ریلیف کے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، متاثرین ہمارے اپنے لوگ ہیں، حکومت آزمائش کی اس گھڑی میں تمام متاثرین کی بھرپور معاونت کرے گی۔عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ہمارے صوبے میں گزشتہ برسوں میں بارشیں کم ہوئیں اور خشک سالی کا خدشہ تھا، بارشیں اللہ کی رحمت ہیں، یقینا ان بارشوں سے جہاں آفت کا سامنا ہے وہی پر پانی زیر زمین سطح اب بلند ہوئی ہے۔ا نہوں نے کہا کہ پانی کی گزرگاہوں پر قائم تجاوزات سے بھی بہت سے نقصانات ہوئے، پانی کی گزرگاہوں پر گھر تعمیر کیے گئے اور انہیں زرعی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جارہا ہے۔وزیراعلی بلوچستان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تنقید کی بجائے سیلابی بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے بارے میں حکومت کو آگاہ کریں، ہمارے ساتھ متاثرہ علاقے کی صورتحال شیئر کریں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا حکومت اور اداروں کے درمیان اس وقت ایک مربوط کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے۔ پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہیں، انہوں نے جس دلیری اور مستعدی سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا وہ یقینا قابل فخر ہے۔میر عبدالقدوس نے کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں ہم سب ساتھ ہیں، متاثرہ اضلاع میں پاک آرمی اور وفاقی اور صوبائی حکومت بھرپور انداز سے کام کررہی ہیں، سیلابی صورتحال پر وفاقی حکومت کو بھی آن بورڈ لیا ہے۔


