کوئٹہ میں بلوچ لاپتہ افراد کے اہلخانہ کا دھرنا 12 روز سے جاری،مطالبات منظور نہ ہوسکے
کوئٹہ (انتخاب نیوز) زیارت واقعہ کیخلاف بلوچ لاپتہ افراد کے اہلخانہ کی جانب سے گورنر ہاؤس کوئٹہ کے سامنے دھرنا 12 روز سے جاری۔ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز، بی این پی، بلوچ یکجہتی کمیٹی، بلوچ وومن فورم اور دیگر تنظیموں کی جانب سے بلوچ لاپتہ افراد کے اہلخانہ کے ہمراہ گورنر ہاؤس کوئٹہ کے سامنے 12 روز سے دھرنا جاری ہے۔ دھرنے میں بلوچ لاپتہ افراد کے اہلخانہ شریک ہیں، جو اپنے پیاروں کی تصاویر اٹھائے ان کی بازیابی کیلئے سراپا احتجاج ہیں۔ دھرنے کے شرکاء کی جانب سے حکومت کو پیش کیے گئے جوڈیشنل کمیشن کے قیام سمیت دیگر مطالبات تاحال منظور نہیں ہوئے۔ دھرنا کیمپ میں مختلف سیاسی، مذہبی، سماجی حلقوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے آمد کا سلسلہ جاری ہے، دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کررہے ہیں۔ دھرنے کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ جوڈیشل کمیشن سمیت دیگر مطالبات منظور اور تمام بلوچ لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔


