برطانیہ میں جائیدادرکھنے والی کمپنیاں اصل مالکان ظاہر کرنے کی پابندہونگی،قانون منظور
لندن: برطانوی حکومت نے ملک میں جائیداد رکھنے والی غیر ملکی کمپنیوں سے اپنے حقیقی مالکان کی شناخت ظاہر کرنے کا قانون منظور کر لیا،بیرون ملک اداروں کی رجسٹریشن کا قانون یکم اگست سے نافذ العمل ہو گیا، وزارت تجارت کے ایک بیان کے مطابق مجوزہ قانو ن کا مقصد مجرم شیل کمپنیوں کی خفیہ مالکان کی تہہ تک پہنچنا ہے تا کہ منی لانڈرنگ کے پیسے سے برطانیہ میں خریدی گئی جائیدادوں کا پتہ چلایا جا سکے، مجوزہ قانون اس سال نافذ کیے گئے ایک وسیع تر اقتصادی جرائم کے قانون کا حصہ ہے تاکہ یوکرین پر ماسکو کے حملے کے بعد لندن میں غیر قانونی روسی نقدی کے بہاؤ کو روکا جا سکے،قانون کے تحت غیر ملکی ادارے جو پہلے سے ہی برطانیہ میں زمین کے مالک ہیں جو کہ رجسٹر ڈ ہیں، ان کے پاس کمپنیز ہاؤس میں اپنے فائدہ مند مالک کی شناخت ظاہر کرنے کے لئے چھ ماہ کا وقت دیا گیا ہے،رجسٹریشن کا اطلاق جنوری 1999سے انگلینڈ اور ویلز میں اور اسکاٹ لینڈ میں دسمبر 2014سے خریدی گئی جائیداد پر ہوگا،نئے قوانین کی تعمیل نہ کرنے والوں کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس میں روزانہ 2,500برطانوی پاؤنڈ تک کے جرمانے یا پانچ سال قید کی سزا بھی شامل ہے۔


