فائرنگ سے دو افراد قتل، ڈکیتی مزاحمت پر 4 افراد زخمی، مقابلہ ، ایک ملزم گرفتار
کراچی (انتخاب نیوز) کورنگی، اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا گیا، ڈکیتی مزاحمت پر 4افراد زخمی جبکہ پولیس نے مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ واقعات کے مطابق کورنگی گودام چورنگی پر دراز آفس کے قریب رہزنوں نے فائرنگ کرکے 24سالہ نوجوان کو قتل کردیا گیا، مقتول کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی جہاں طلحہ ولد احمد کے نام سے اس کی شناخت ہوئی۔ قبل ازیں اورنگی ٹاؤن طوری بنگش چوکی کے قریب ملزمان نے فائرنگ کرکے 40 سالہ شخص کو قتل کردیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی، مقتول کی فوری طور پر شناخت نہ ہوسکی، پولیس اس سلسلے میں مزید تحقیقات کررہی ہے۔ سپرہائی وے فقیرا گوٹھ بلوچ محلے کے قریب فائرنگ سے 35سالہ رب نواز ولد مرید علی زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔ خواجہ اجمیر نگری کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 5 بی 1 میں الحمید اسکول کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کرکے 38 سالہ عبداللہ کو زخمی کردیا، مضروب کو طبی امداد کیلیے عباسی شہید اسپتال لایا گیا۔ سعیدآباد کے علاقے سیکٹر8 جمعہ بازار کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے 40 سالہ وقار ولد گلزار زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلیے سول اسپتال لایا گیا۔ منگھوپیر واٹر بورڈ کالونی کے قریب فائرنگ سے 50سالہ مشتاق احمد ولد مہرو زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ قبل ازیں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے علاقے سے 28 سالہ اقبال عرف اکو ولد جعفر دین نامی زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال لایا گیا، پولیس کے مطابق ملزم مقابلے کے دوران زخمی ہوا ہے جس سے اسلحہ، موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی جبکہ ملزم کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔


