سیلاب کے بعد لسبیلہ میں ہیضے کی وباء سے 7 دیہات کے سیکڑوں لوگ متاثر
اوتھل (انتخاب نیوز) لسبیلہ میں سیلاب کے بعد ہیضے کی وباء پھوٹ پڑی،لاکھڑا کے 7دیہات میں ہیضے کی وباء سے سینکڑوں لوگ متاثر،پی پی ایچ آئی لسبیلہ نے متاثرہ علاقوں میں اپنی دو ٹیمیں روانہ کردیں،جہاں پر انہوں نے علاج معالجہ کا کام شروع کردیا لسبیلہ میں سیلاب کے بعد لاکھڑا کے 7 دیہات الیاس گوٹھ،حاجی گوٹھ،ہشنگی،اوبہ لاکھڑا 2،اوبہ لاکھڑا3،نواز گوٹھ اور گاجن گوٹھ میں ہیضے نے وبائی صورتحال اختیارکرلی جہاں پر سینکڑوں لوگ متاثرہوگئے ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت نازک بتائی جاتی ہے اس حوالے بتایا جاتاہے کہ پی پی ایچ آئی (PPHI)لسبیلہ نے ان متاثرہ علاقوں میں ڈاکٹروں اور دیگر پیرامیڈیکس اسٹاف پر مشتمل دو ٹیمیں روانہ کردی ہیں سیلاب کے بعد ان متاثرہ علاقوں میں آمدورفت معطل تھی لیکن مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ آمدورفت کیلئے راستہ عارضی طورپر بحال کردیاجسکے بعد پی پی ایچ آئی لسبیلہ کی ٹیمیں ان متاثرہ علاقوں تک پہنچ گئی ہیں اور وہاں پر انہوں نے میڈیکل کیمپ قائم کرکے ہیضے سے متاثرہ مریضوں کا علاج معالجہ شروع کردیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ان علاقوں میں سینکڑوں لوگ متاثرہ ہیں اور ان میں سے بیشتر کی حالت نازک بتائی جارہی ہے اگر جلد اس وباء پر قابو نہ پایا گیا تو ہلاکتوں کا خدشہ ہے واضح رہے کہ لسبیلہ میں سیلاب کے بعد اب تک ایسے بے شمار علاقے ہیں جن کا زمینی راستہ ہنوز بحال نہ ہوسکا ہے اور لوگ مشکلات کا شکارہیں یہ بھی خدشہ ظاہرکیا جارہاہے کہ مزید علاقوں میں بھی ہیضے سمیت دیگر وبائی امراض پھیل سکتے ہیں عوامی حلقوں نے صوبائی حکومت اور محکمہ صحت بلوچستان کے ارباب حل وعقد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ان علاقوں میں ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیمیں روانہ کریں تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو بچایا جاسکے۔


