ایمن الظواہری کو نشانہ بنانے والا ڈرون کرغزستان سے اڑا

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک)کابل میں القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری کو ہلاک کرنے والے امریکی ڈرون کو ممکنہ طور پر کرغزستان کے ایک ایئربیس سے لانچ کیا گیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق حملہ شمالی کرغزستان میں ماناس میں امریکی ٹرانزٹ سہولت گانسی ایئربیس سے کیا گیا۔ امریکی محکمہ دفاع کے مطابق گانسی کرغزستان میں بشکیک بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ایک سابق امریکی فوجی اڈہ ہے، جسے امریکی فضائیہ چلا رہی تھی اور جون 2014 میں اسے کرغیز فوج کے حوالے کر دیا تھا۔تاہم امریکی انتظامیہ ابھی تک یہ بتانے سے انکار کر رہی ہے کہ ڈرون کہاں سے ٹیک آف کیا گیا اور اس نے کون سا راستہ استعمال کیا۔ محکمہ دفاع نے صرف ایک مختصر بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ ایمن الظواہری کو کابل کے مرکز میں ایک اوور دی ہورائزن آپریشن میں مارا گیا، جہاں وہ مہمان کے طور پر مقیم تھے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اتوار کو کابل کے وقت کے مطابق صبح 6:18 پر ایک درست، انسداد دہشت گردی کی کارروائی میں دو ہیلی فائرز میزائلوں سے گھر کو نشانہ بنایا گیا۔امریکا کے سب سے بڑے ریڈیو نیوز نیٹ ورک نے نشاندہی کی کہ امریکی حکام یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے ڈرون کو کہاں سے لانچ کیا، لیکن امریکا کے پاس اس علاقے میں اب کوئی فوجی اڈہ نہیں ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ طیارے نے اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے طویل فاصلہ طے کیا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں