طلال خان منجھو کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے احتجاجی ریلی پر فائرنگ کی گئی، طاہر بزنجو
ڈیرہ مراد جمالی (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے سینیٹر میر طاہر خان بزنجو نے سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نصیر آباد بااثر افراد نے ہمارے نیشنل پارٹی کے کارکن میر طلال خان منجھو کو قتل کردیا ایک ماہ گزرنے کے باوجود نصیرآباد پولیس قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے، ہماری جماعت نیشنل پارٹی نے دیگر سیاسی جماعتوں سے مل کر احتجاج کررہی تھی پولیس کی جانب سے ناقص سیکورٹی دینے کی وجہ سے مسلح افراد نے پولیس کی سرپرستی میں سیاسی لیڈران، شرکاء اور مظاہرین پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے لیکن پولیس مقدمہ درج کرنے کیلئے تیار نہیں، نہ ہی آئی جی پولیس بلوچستان طلال خان منجھو کا کیس کرائم برانچ یا کسی ادارے کو منتقل کرنے میں دلچسپی لے رہی ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ نصیرآباد میں پولیس آفیسر وزراء کے ایماء پر خانگی طریقے سے پولیس کا نظام چلا رہے ہیں، جب سیاسی کارکن داد رسی کیلئے دربدر ہیں تو عام شہری کیلئے تو پولیس کے تھانوں کے دروازے بند کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل پارٹی کے طلال خان منجھو کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے مدد کریں اور نصیرآباد میں غیر جانبدار پولیس آفیسر تعینات کرکے پولیس کی رٹ قائم کریں۔


