پاکستانی صحافی انس ملک کابل سے باحفاظت واپس آگئے، منصور احمد خان
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے کہا ہے کہ انہوں نے ایک روز قبل مبینہ طور پر کابل میں لاپتا ہونے والے پاکستانی صحافی انس ملک سے فون پر مختصر بات کی ہے اور وہ افغان دارالحکومت میں محفوظ ہیں۔ پاکستانی سفیر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ پاکستانی صحافی انس ملک سے میں نے ابھی فون پر مختصر بات کی ہے، وہ کابل میں ہیں اور محفوظ ہیں۔منصور احمد خان نے کہا کہ افغانستان میں پاکستانی سفارت خانہ ان کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔تھوڑی دیر بعد صحافی انس نے خود ٹوئٹر پر میسج میں کہا کہ میں واپس آ گیا ہوں لیکن مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔بھارت کے ویون نیوز چینل سے وابستہ انس ملک جمعرات کو لاپتا ہو گئے تھے جس پر دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم دفتر خارجہ کے نمائندے انس ملک کے کابل سے لاپتا ہونے پر شدید تشویش میں مبتلا ہیں، ہم ان کی جلد اور محفوظ پاکستان واپسی کے لیے مقامی حکام اور افغانستان میں پاکستانی عہدیداروں سے رابطے میں ہیں۔انس کی ٹوئٹ کے بعد دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ انس ملک بحفاظت کابل واپس آ گئے ہیں۔عاصم افتخار نے بتایا کہ انس ملک کے لاپتا ہونے کی اطلاع جمعرات کو ملی تھی اور وہ چند روز قبل رپورٹنگ کے مقصد کے تحت افغانستان گئے تھے۔


