چیف سیکرٹری کا نمائشی دورہ، حب ندی پل کے اطراف تجاوزات بدستور قائم
حب (رپورٹ: عزیز لاسی) حب مغربی بائی پاس پل خطرے کی گھنٹی انتخاب کی رپورٹ پر چیف سیکرٹری بلوچستان نے سخت نوٹس لے لیا، چیف سیکرٹری چیئرمین NHA اور آئی جی پولیس کے ہمراہ حب مغربی بائی پاس پل کا معائنہ کرنے پہنچ گئے، مغربی بائی پاس اور حب ندی پل کے اطراف میں قائم کریش پلانٹ بند کرانے اور ریتی بجری مائیننگ لیزیں منسوخ کر کے سیکرٹری مائنیز اینڈ منرلز بلوچستان کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کے احکامات پر مائنز ڈیپارٹمنٹ لسبیلہ اورپولیس افسران کی دوڑیں لگ گئیں، لیکن حب ندی پل مہندم ہونے اور کراچی سے حب لسبیلہ کو بجلی فراہم کرنے والی بجلی کی 132KVکی ٹراسمیشن لائن کے ٹاور کو منہدم کرنے کا مبینہ سبب بننے والے حب ندی پل کے دونوں اطراف بااثر شخصیات کی نہ تو لیزکینسل ہوسکی اور نہ ہی کریش پلانٹ پر کام بند ہو سکا اس سلسلے میں بتایا جاتا ہے کہ حب ندی پل کا ایک حصہ سیلابی ریلے کے سبب مہندم ہونے کے بعد بلوچستان کو براستہ لسبیلہ ملانے والے واحد زمینی رابطے حب مغربی بائی پاس کے حوالے سے خدشات پر مبنی رپورٹ گزشتہ روز روزنامہ انتخاب میں شائع ہونے والی رپورٹ کا چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی نے سخت نوٹس لے لیا اور گزشتہ روز جب وہ وزیر اعظم کے متوقع دورہ اوتھل کے سلسلے میں چیئرمینNHAاور آئی جی پولیس کے ہمراہ کراچی سے اوتھل جارہے تھے تو تینوں اعلیٰ حکام حب مغربی بائی پاس پل پر رک گئے اور پل کا معائنہ کیا بعدازاں چیف سیکرٹری نے صوبائی سیکرٹری مائنیز نور محمد پرکانی کو فون پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ حب مغربی بائی پاس اور حب ندی پل کے دونوں اطراف جو مائیننگ لیزیں ہیں انہیں فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور وہاں قائم کریش پلانٹ کو کام کرنے سے روکا جائے چیف سیکرٹری کے احکامات پر مائینز ڈیپارٹمنٹ اور آئی جی پولیس کے حکام پر مائنز ڈیپارٹمنٹ حب اور پولیس افسران حرکت میں آگئے اور حب مغربی بائی پاس کے دونوں اطراف قائم دو کریش پلانٹس رئیس حسین کریش پلانٹ اور شاہ خالد کریش پلانٹ کو فوری طور پر کام بند کا حکم دیا گیا جبکہ سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز اور ڈائریکٹر جنرل مائنز اینڈ منرلز کی جانب سے جاری ایک مراسلہ نمبر NO.DG(MM)/8337-47کے تحت حب مغربی بائی پاس مغربی اور مشرقی اطراف میں دو ریتی بجری مائیننگ لیز ایم ایس جمن، لیز نمبر ایم ایل 46اورایم ایس حمید اللہ،لیز نمبر ایم ایل 53کو منسوخ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے لیکن افسوس کی بات یہ سامنے آئی ہے کہ حب مغربی بائی پاس پل کے دونوں اطراف کی لیزیں بھی منسوخ کردی گئیں اور کریش پلانٹس بھی بند کرادیئے گئے لیکن حب ندی پل کے 150فٹ حصے کے مہندم ہونے کامبینہ طور پر سبب والے حب ندی پل کے دونوں اطراف کی دونوں لیز اور وہاں پر قائم کریش پلانٹس کو بند صرف اس لیئے نہیں کیا جاسکا اور انکے خلاف اعلیٰ سرکاری حکام کسی کاروائی سے گریز اں رہے کہ وہ دونوں لیزیں دو بااثر شخصیات ہیں اور ان میں سے لیز پہلے ہی کینسل ہے لیکن اس پر کام اب بھی مک مکا کی پالیسی کے تحت جاری ہے قانون اور انصاف کے اس دہرے معیار سے عدم مساوات کے مسائل جنم لیتے ہیں اور اس حوالے سے چیف سیکرٹری کو بھی اپنے احکامات اور ان پر متعلقہ حکام کی جانب سے عملدرآمد کرانے کے عمل پر ضرور غور کرنا چاہئے۔


