وکلا نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے جانیں قربان کیں، زمرک خان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکز ی رہنما و صوبائی وزیر خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے وکلا نے صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے جانیں قربان کیں۔ 8 اگست کا سانحہ بلوچستان کے لئے ایک دردناک سانحہ تھا، عوامی نیشنل پارٹی نے تخریب کاری کیخلاف بہت قربانیاں دی ہیں۔ ہمارے اکابرین نے ملک کی ترقی و خوشحالی اور آئین کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی ہے۔ سانحہ 8اگست ہمارے لئے مشعل راہ ہے، قربانیاں دینے والوں کے نقش قدم پر چل کر آئین کی بالادستی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سانحہ8اگست میں جاں بحق ہونے والوں کی برسی کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ8اگست کو سول ہسپتال کوئٹہ میں جس طرح ہمارے وکلا کو بے دردی سے حملے میں نشانہ بنایا گیا اور ہماری جو نئی نسل صوبے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے تیار تھی بدقسمتی سے ان کو نشانہ بنایا گیا، سانحہ میں 80 سے زائد وکلا جان سے گئے۔ اسی طرح بارہ اگست 1948ء کو عوامی نیشنل پارٹی کے جلوس پر فائرنگ کی گئی جس میں ہمارے کئی عہدیدار جاں بحق ہوئے اور آج ہم ان کے نقش قدم پر چل کر باچا خان اور ولی خان کے ارمانوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اگست کی یاد ہمیں اپنے وطن و مٹی تاریخ سے محبت کا درس دیتی ہے اس کیلئے ہم ہرممکن جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں