صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرے، جے یو آئی بلوچستان
کوئٹہ (انتخاب نیوز) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی بیان میں کہاگیا ہے کہ صوبائی حکومت کے نمائندے اپنی ناکامی چھپانے کیلئے ڈرامہ کرکے سیاسی جماعتوں پر بے بنیاد الزامات لگانے کی کوشش کررہے ہیں جمعیت علما اسلام نے سیلابی ریلوں اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور متاثرین کو ریلیف نہ ملنے پر حکومت سے شکوہ کیا تھا جس پر وفاقی حکومت نے ایکشن لیتے ہوئے صوبائی حکومت کی تمام نااہلیوں کو منظر عام پر لایا، ہم متاثرین کے ساتھ ہیں اور ان کے شانہ بشانہ ہو کر متاثرین کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ صوبائی بیان میں کہاگیا ہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزرا نے پریس کانفرنس کے دوران الزام لگایا تھا کہ ا س مشکل گھڑی میں سیاسی جماعتوں سمیت عوام حکومت کا ساتھ دیں مگر بدقسمتی سے 20دن سے جاری بارشوں اور سیلابی ریلوں کے دوران صوبائی حکومت سو رہی تھی اور صوبائی وزرا خواب غفلت میں اسلام آباد کراچی کے مزے لے رہے تھے جب سیاسی جماعتوں نے اس پر آواز اٹھایاتو صوبائی حکومت کو ہوش آیا کہ انہوں نے کچھ علاقوں میں ریلیف کا کام شروع کیا وزیراعظم کے دورے کے بعد صوبائی حکومت نے متاثرین کی مدد شروع کی مگر اس کے باوجود آج بھی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں متاثرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور آج بھی پی ڈی ایم اے اور صوبائی حکومت متاثرین کو کھلے آسمان تلے چھوڑا ہوا ہے اور آج بھی وہ بے یار ومددگار پڑے ہیں اگر صوبائی حکومت نے متاثرین کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کا کام شروع نہیں کیا تو جمعیت علما اسلام اس پر خاموش نہیں رہے گی اور صوبائی حکومت کو چاہئے کہ وہ متاثرین کیلئے معاوضہ فوری طور پر فراہم کریں۔


