سوڈان کے شہر میں مسلح گروہوں کے حملوں میں 18 شہری قتل، 15 زخمی
خرطوم (مانیٹرنگ ڈیسک) سوڈان کے شہر الجنینا کے شمال میں مسلح گروہوں کے حملوں میں 18 افراد مارے گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ذرائع نے بتایاکہ چاڈ کی سرحد سے ملیشیاﺅں نے ایل جینینا کے شمال میں واقع بیر سلیبہ کے علاقے میں 18 چرواہوں اور خانہ بدوشوں کو ہلاک اور 15 کو زخمی کر دیا۔ اس دوران مسلح افراد نے تقریبا 80 اونٹ لوٹ لیے۔درایں اثنا سوڈان کی خودمختار کونسل کے نائب محمد حمدان دقلو جنہوں نے ہلاک شدگان کی آخری رسومات میں شرکت کی نے کہا کہ ہم نے اپنی سرحدوں پر چاڈ کے حملوں کی وجہ سے سوڈانی سلامتی اور دفاعی کونسل کے ہنگامی اجلاس کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوڈان، چاڈ کے ساتھ اپنی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سخت فیصلے کرے گا۔ چاڈ کی ملٹری کونسل کے سربراہ محمد ادریس دیبی نے حمیدتی کا استقبال کیا، جنہوں نے ایک پریس بیان میں کہا کہ دیبی کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں سکیورٹی امور، سرحدی مسائل، اقتصادی تعاون اور چاڈ کے بندرگاہ سے فائدہ اٹھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


