اسرائیل کی غزہ پر بمباری، 6 بچوں سمیت 29 افرادجاںبحق
غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک) دوسرے روز بھی اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں شہید فلسطینوں کی تعداد 29 سے تجاوز کرگئی۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی مسلسل دوسرے روز بمباری سے 6 معصوم بچوں سمیتجاںبحق افراد کی تعداد 29 سے تجاوز کرگئی ہے۔اسرائیل کی جانب سے مہاجر کیمپ پر راکٹ فائر کیا گیا جس کے نیتجے میں بچوں سمیت 7 عام شہریجاںبحق ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کی تازہ کارروائیوں اور حملوں میں زخمیوں کی تعداد 200 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات، فرانس، چین اور دیگر ممالک نےغزہ میں پیشرفت پر بحث کیلئے کل سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس بلانے کی درخواست کردی ہے۔ادھر اسلامی جہاد تحریک کے عسکری ونگ القدس بریگیڈز نے ہفتے کے روز کہا کہ اس نے تل ابیب، اشدود، عسقلان اور سدیروت پر بڑے پیمانے پر راکٹ حملے کیے اور اپنے بیان میں کہا کہ جنگ ابھی شروع ہوئی ہے۔قبل ازیں گزشتہ روز اسرائیل کی غزہ پر بمباری سے 5 سالہ بچی سمیت 15 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔


